حیدرآباد ۔ 14 فبروری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش کے مابین ناگارجنا ساگر سے پانی کی اجرائی کے مسئلہ پر پیدا شدہ سنگین تنازعہ پر وزیرآبپاشی ریاست تلنگانہ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں گورنر ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون پہنچ کر ملاقات کی اور اس تنازعہ سے متعلق مکمل تفصیلات پر مبنی رپورٹ پیش کرکے حقائق سے واقف کروایا۔ راج بھون کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ وزیر آبپاشی نے ناگرجنا ساگر پراجکٹ کے آبی تنازعہ کے تعلق سے بعض اہم تجاویز گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کو پیش کئے۔ علاوہ ازیں گذشتہ دن ناگرجنا ساگر پراجکٹ کے دائیں بازو کنال سے پانی آندھراپردیش کیلئے چھوڑنے کے مسئلہ پر ہوئے جھگڑے کی مکمل تفصیلات سے گورنر کو واقف کروایا۔ سمجھا جاتا ہیکہ ٹی ہریش راؤ کی جانب سے حقائق کی پیشکش سے اتفاق کرتے ہوئے گورنر نے آندھراپردیش چیف منسٹر اور وزیرآبپاشی آندھراپردیش سے بھی علحدہ علحدہ ہوئی بات چیت کے دوران حقیقی صورتحال کی سماعت کی اور دونوں ریاستوں کے اختیار کردہ موقف پر سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لیا ۔بعدازاں دونوں چیف منسٹروں کو علحدہ علحدہ بات چیت کیلئے طلب کرکے دونوں چیف منسٹروں کو ضروری تلقین کرتے ہوئے خوشگوار ماحول میں بات چیت کرکے مسئلہ کی یکسوئی کرنے پر زور دیا۔