حیدرآباد 25 اگست : ( سیاست نیوز ) : ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں دریائے کرشنا سے پانی کے تیز بہاؤ کے جاری رہنے سے پراجکٹ کی سطح آب میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ ناگر جنا ساگر کی جملہ سطح آب 590 فیٹ کے منجملہ اب زائد از 567.90 فیٹ ہو چکی ہے ۔ پراجکٹ عہدیدار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گذشتہ سال 25 اگست کو ناگر جنا ساگر کی سطح آب بہت کم تھی ۔ اس بار کرناٹک میں زبردست بارش سے کرشنا سے پانی کے جاری تیز بہاؤ کے باعث ناگر جنا ساگر کی سطح آب میں اضافہ ہورہا ہے ۔ فی الوقت دریائے کرشنا سے ناگر جنا ساگر میں پانی کا بہاؤ 1,82,352 کیوسیکس ہے ۔ اور پانی کا اخراج 7,911 کیوسیکس ہے ۔ اس طرح پانی کے ذخیرہ کی جملہ گنجائش 312.0405 ٹی ایم سی کے منجملہ فی الوقت مقدار 251,3060 ٹی ایم سی بتائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں پانی کی سطح میں روز بروز اضافہ ہونے کی وجہ سے سیر و تفریح کے مقصد سے ناگر جنا ساگر پراجکٹ کا نظارہ کرنے عوام کی آمد و رفت میں بھی زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔