گریٹر حیدرآباد میں امکانی پانی کی قلت کا خطرہ ، ایمرجنسی پمپنگ کے ذریعہ سربراہی آب کے اقدامات
حیدرآباد۔ 6 جون (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد شہر کیلئے پانی کی سربراہی کا اہم ذریعہ تصور ہونے والے اور ناگرجنا ساگر پراجیکٹ کی سطح آب میں شدید گرما کی وجہ سے روز بروز کمی ہورہی ہے جس کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد شہر کیلئے ناگرجنا ساگر پراجیکٹ سے پانی کا حصول مشکل مسئلہ بن جانے اندیشہ ہے۔ ناگرجنا ساگر پراجیکٹ کے ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت ناگرجنا ساگر پراجیکٹ کے ذریعہ دونوں شہروں کیلئے ہر روز 270 ایم جی ڈی پانی سربراہ کیا جارہا ہے جبکہ ناگرجنا ساگر پراجیکٹ کی سطح آب فی الوقت 508.7 فیٹ تک گھٹ گئی ہے اور مزید ایک فٹ پانی کی سطح میں کمی واقع ہونے پر پانی کی سربراہی کا مسئلہ پیدا ہوچکا ہے، لیکن حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے ڈیڈ اسٹوریج کی سطح سے پانی کے حصول کو یقینی بنانے ہنگامی طور پر پمپنگ کے ذریعہ گریٹر حیدرآباد شہر کو پانی کی سربراہی عمل میں لانے کیلئے موثر اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ہنگامی نوعیت کی اساس پر پمپنگ کے ذریعہ ناگرجنا ساگر پراجیکٹ سے پوٹنگنڈی ذخیرہ آب کو پانی منتقل کیا جائے گا اور پھر وہاں سے اس پانی کو کونڈہ پور ذخیرہ آب کو منتقل کرکے پانی کو فلٹر کرنے کے بعد پانی کو گریٹر حیدرآباد شہر کو سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پوٹنگنڈی کے مقام پر تنصیب کردہ ایمرجنسی پمپنگ کرنے کے کاموں کا ٹیکنیکل ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ مسٹر وی ایل پروین کمار نے چیف جنرل مینیجرس ٹرانسمیشن کے ساتھ مل کر ایمرجنسی واٹر پمپنگ کے تنصیبی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں 33 کے وی برقی سب اسٹیشن سے پوٹنگنڈی ایمرجنسی پمپنگ تک برقی سربراہی کیلئے انجام دیئے جانے والے کاموں کا معائنہ کرکے عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ ایمرجنسی واٹر پمپنگ کیلئے جملہ 10 پمپ سیٹس (برقی موٹرس) جن میں 600 ایچ پی صلاحیت کے حامل 5 پمپ سیٹس ہیں اور 300 ایچ پی صلاحیت کے حامل 5 پمپ سیٹس تیار رکھے جارہے ہیں۔ 7
جون کو پہلے ایک پمپ سیٹ کا ٹرائیل رن شروع کرنے کا عہدیداران متعلقہ نے فیصلہ کیا ہے اور اس طرح 10 جون تک تمام 10 موٹر پمپ سیٹس ایمرجنسی واٹر پمپنگ کیلئے تیار رکھے جائیں گے۔ ناگرجنا ساگر پراجیکٹ عہدیداروں نے بتایا کہ پراجیکٹ کی سطح آب 500 فیٹ ہونے تک پہلے مرحلے کے تحت ایمرجنسی پمپنگ کے ذریعہ پانی گریٹر حیدرآباد شہر تک پہونچانے کیلئے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں اور شہر حیدرآباد کو پمپنگ کے ذریعہ سربراہ کئے جانے والے پانی کا مسلسل مشاہدہ (ٹسٹ) بھی کیا جائے گا۔ اس بارش شروع ہونے تک گریٹر حیدرآباد شہر میں پانی کی قلت پیدا نہ ہونے کیلئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی سیوریج بورڈ ذرائع نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میں امکانی پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور شہر کے عوام کو بہرصورت پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے قبل از وقت اقدامات کئے جارہے ہیں۔