حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی حکومت نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں پیش آئیں مبینہ بے قاعدگیوں و دھاندلیوں کے واقعات کی روشنی میں تشکیل دی گئی۔ سہ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر ناکام امیدواروں کے پرچوں کی دوبارہ جانچ کرنے نشانات کی دوبارہ گنتی کرنے کے علاوہ نتائج کے پروسیسنگس کرنے کی مکمل ذمہ داری نوئیڈا سے تعلق رکھنے والے خانگی ادارے ’’ڈیٹاٹیک میتھڈیکس پرائیوٹ لمیٹیڈ‘‘ کے سپرد کی گئی ہے۔ سکریٹری تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ پرچوں کی دوبارہ جانچ اور نشانات کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہونے کے فوری بعد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو نشانات کی فہرست (مارکس لسٹ) وصول ہوگی اور اس مارکس لسٹ کا علیحدہ علیحدہ گلوبرینا اور ڈیٹاٹیک جائزہ لیں گے اور پھر سنٹر فار گڈ گورننس، جواہرلعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد کے ممتاز ماہرین بھی تفصیل جائزہ لیں گے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں قائم کردہ امتحانی پرچوں کی جانچ کے 12 مراکز پر پرچوں کی دوبارہ جانچ کے کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ لہذا طلباء و طالبات کے علاوہ اولیائے طلباء سے بھی پرچوں کی دوبارہ جانچ وغیرہ کے تعلق سے کسی بھی نوعیت کے شکوک و شبہات نہ رکھنے کی پرزور خواہش کی۔