حیدرآباد 28 جون (این ایس ایس) نامپلی کریمنل کورٹس کامپلکس میں آج زبردست کشیدگی پھیل گئی جب ایک احتجاجی وکیل نے کثیر تعداد میں خواب آور گولیوں کے استعمال کے ذریعہ خودکشی کی کوشش کی۔ نامپلی کورٹس کامپلکس میں وکلاء کا احتجاج جاری ہے جو اُس وقت سنگین موڑ اختیار کر گیا جب ایک وکیل گمپا وینکٹیش نے میٹرو پولیٹن سیشنس جج کے چیمبرس میں خواب آور گولیوں کا استعمال کیا جس کے فوری بعد پولیس متحرک ہوگئی اور وکیل کو دواخانہ منتقل کیا۔ حیدرآباد ہائی کورٹ میں بھی تلنگانہ وکلاء کا احتجاج جاری ہے جس کے پیش نظر عدالت العالیہ کے احاطہ اور اطراف کے علاقہ میں وسیع تر پولیس بندوبست کیا گیا ہے۔