ڈرائیورس کا دوبارہ اسٹانڈ حاصل کرنے احتجاج ، سرائے کی اراضی ڈرائیورس کیلئے ناقابل قبول
حیدرآباد۔25فروری(سیاست نیوز) نامپلی ریلوے اسٹیشن کے بیرونی حصہ میں موجود ٹیکسی اسٹینڈ کو حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے تخلیہ کرواتے ہوئے اس قطعہ اراضی کا قبضہ حاصل کرلیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 1970میں ٹیکسی اسٹینڈ کیلئے حوالہ کردہ اس اراضی کو جی ایچ ایم سی نے حیدرآباد میٹرو ریل کے حوالہ کرتے ہوئے ملٹی لیول پارکنگ کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور اس قدیم ٹیکسی اسٹینڈ کو ختم کردیا گیا ہے جس کے سبب زائد از 100 ٹیکسی ڈرائیورس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ نامپلی ریلوے اسٹیشن کے باہر موجود اس ٹیکسی اسٹینڈ کو برخواست کرنے کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروںنے فیصلہ کیا اور ٹیکسی ڈرائیورس کو مطلع کئے بغیر اس قدیم ٹیکسی اسٹینڈ کو برخواست کردیا گیا۔ ٹیکسی ڈرائیورس کا کہناہے کہ وہ 1970 سے اس مقام سے اپنے کاروبار انجام دے رہے ہیں اور انہیں اچانک ان کے پارکنگ کے مقام سے بیدخل کرنا انہیں ان کی تجارت سے بے دخل کرنے کے مترادف ہے اسی لئے وہ ٹیکسی اسٹینڈ کی برخواستگی کے خلاف احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہناہے کہ بلدیہ کی جانب سے ٹیکسی اسٹینڈ کے لئے اراضی کی حوالگی عمل میں لائی گئی تھی اور اب حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے حصہ کے طور پر تعمیر کئے جانے والے ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کے لئے اس جائیداد کی ضرورت محسوس کرنے کے بعد اسے حاصل کیا گیا ہے۔ عہدیدارو ں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں بلدیہ کو کسی کو نوٹس جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ جو اراضی جی ایچ ایم سی کی ہے اس اراضی کے مقصد استعمال کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ٹیکسی اسٹینڈ میں پارک کی جانے والی ٹیکسیوں کے لئے نامپلی سرائے میں جگہ کی فراہمی کیلئے بلدیہ تیار ہے ۔ ڈرائیورس کا کہناہے کہ انہیں جو جگہ ٹیکسی اسٹینڈ کے لئے حوالہ کی گئی تھی اسی جگہ کیلئے وہ جدوجہد کریں گے کیونکہ مسافرین کو نئی جگہ کی نشاندہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس سے ٹیکسی ڈرائیورس کے کاروبار متاثر ہوں گے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے دعوی کیا ہے کہ 2008 میں ہی ٹیکسی اسٹینڈ کے ذمہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں اس فیصلہ سے واقف کروادیا گیا تھا اور اب جبکہ تعمیری کام قطعی مراحل میں داخل ہورہے ہیںتو ایسی صورت میں اس جگہ کو حاصل کرلیا گیا ہے ۔ ٹیکسی ڈرائیورس کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹیکسی اسٹینڈ کو بچانے کیلئے باضابطہ مہم چلائیں گے اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے نمائندگی کی جائے گی۔