ریاض، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ایک ممتاز عالم دین اور علماء کونسل کے سینئر رکن الشیخ عبداللہ المطلق کا ایک نیا فتویٰ سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے غیر محرم عورت اور مرد کی انٹرنیٹ چیاٹ (گفتگو) کو خلوتِ صحیحہ سے تعبیر کرتے ہوئے حرام قرار دیا ہے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا شیطانی افکار و خیالات کو فروغ دینے کا ذریعہ بن چکا ہے۔ مسلم نوجوانوں کو اس کے استعمال میں احتیاط سے کام لینا چاہئے۔ فتویٰ نما بیان میں سعودی علماء کونسل کے رکن کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کسی نامحرم مرد کا نامحرم خاتون کے ساتھ تنہائی میں مکالمہ غیر شرعی ہے۔ سماجی میڈیا کے ذریعے نامحرم مرد و زَن کے مابین چیاٹنگ کے دوران شیطان انہیں گمراہ کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں وہ کسی غلط کام میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات مرد و زَن چیاٹنگ کے دوران غیر محرموں سے ایسی باتیں بھی کہہ بیٹھتے ہیں جنہیں صرف وہ اور اُن کا رب جانتا ہے۔ خاص طور پر خواتین کے ساتھ چیاٹنگ کے دوران شیطان مردوں کے ساتھ ہوتا ہے۔ ’’میں خاص طور پر خواتین کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ اجنبی اور نامحرم مردوں کے ساتھ انٹرنیٹ پر کسی بھی قسم کی بات چیت سے سختی سے گریز کریں۔‘‘