نئی دہلی،30مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے تعمیرات عامہ کے وزیر ستیندر جین نے مانسون کے دوران سڑکوں پر پانی بھرنے کے مسئلے سے لوگوں کو نجات دلانے کے لئے سات جون تک سبھی نالوں کی صفائی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔مسٹر جین نے آج مشرقی دہلی کے منڈولی گاؤں میں سڑکوں اور نالوں کا معائنہ کیا۔معائنہ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں مسٹر جین نے کہا کہ سبھی نالوں کی سات جون تک صفائی کے لئے ہدایت دی گئی ہیں جس سے کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ پانی بھرنے کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ایسے مقامات پر جہاں اس کا امکان زیادہ رہتا ہے ،ایک ہزار پمپ لگائے جانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں ہوئی بارش کے دوران آئی ٹی او سمیت کئی علاقوں میں پانی بھرا ہوا دیکھا گیا تھا۔مسٹر جین نے کہا کہ ہم افسروں کو پہلے ہی آگاہ کر چکے ہیں۔دہلی حکومت نے گزشتہ ہفتے افسروں سے کہا تھا کہ اگر مانسون کے دوران پانی بھرنے سے لوگوں کو دقتیں ہوئی تو متعلقہ افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وزیراعلی اروند کجریوال نے بھی گزشتہ دنوں چیف سکریٹری ایم ایم کٹی کو لکھے ایک خط میں کہا تھا کہ دارالحکومت میں نالوں کی صفائی صرف کاغذوں کی حد تک ہوتی ہے اور ان بے ضابطگیوں کو روکے جانے کی ضرورت ہے ۔
بالاگھاٹ میں پولیس نے بڑی مقدار میں نکسلی دھماکہ خیز مادہ برآمدکیا
بالاگھاٹ، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کی بالاگھاٹ ضلع پولیس نے نکسلیوں کے خلاف اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے بڑی مقدار میں نکسلیوں کے ذریعہ رکھا گیا دھماکہ خیز مادہ برآمد کیا ہے ۔بالاگھاٹ رینج کے انسپکٹر جنرل جی جناردن نے بتایا کہ 29 مئی کو بہیلا تھانہ کے تحت سیتاپالا میں کی گئی اس کارروائی کے دوران برآمد دھماکہ خیز مادہ میں امونیم نائٹریٹ، سلفر اور ڈیٹونیٹر سمیت وائر، بیٹری اور دیگر سامان شامل ہیں۔