لندن۔یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے دنیا کا سب سے اونچا کیچ پکڑ کر گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کر لیا ہے۔ گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ بنتے رہتے ہیں۔ اپنے انوکھے ریکارڈز کی وجہ سے گنز کو بہت پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا اور پڑھا جاتا ہے۔ حال ہی میں گنز ورلڈ کی انتظامیہ نے دنیا کا سب سے اونچا کیچ پکڑنے کا ریکارڈ اپنی کتاب میں درج کیا۔ اس ریکارڈ کو حاصل کرنے کا سہرا انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کے سر رہا جنہوں نے 150 فٹ اونچے ڈرون سے پھینکی جانے والی گیند کو با آسانی پکڑ کر یہ ریکارڈ بنایا ۔اس موقع پر گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے عہدیدار ایڈم براؤن نے دنیا کا سب سے اونچا کیچ پکڑنے پر ناصر حسین کو مبارکباد دی اور انتظامیہ کی جانب سے انھیں سند پیش کی۔