سورت۔/26مئی، ( پی ٹی آئی) مبینہ عصمت ریزی کیس میں 17ماہ سلاخوں کے پیچھے رہنے والے خود ساختہ سوامی با با آسارام باپو کے فرزند نارائن سائی لاجپور سنٹرل جیل سے تین ہفتے کی عبوری ضمانت پر باہر آگئے ہیں۔ جیل کے ذمہ داران نے بتایا کہ گجرات ہائی کورٹ نے نارائن سائی کو اپنی علیل والدہ سے ملاقات کیلئے 21دن کی عبوری ضمانت پر رہا کیا ہے اورانہیں آج صبح لاجپور جیل سے رہا کیا گیا۔ مزید بتایا کہ نارائن سائی جیل سے رہا ئی کے بعد احمد آباد کیلئے روانہ ہوگئے جہاں ان کی والدہ لکشمی بین کی سرجری ہونے والی ہے۔ گجرات ہائی کورٹ نے کل عبوری ضمانت پر ہا کیا جس کے تحت انہیں رہائی کے دوران پولیس کی نگرانی میں رکھا جائے گا۔ عدالت نے حکم جاری کیا کہ آپریشن نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنے آپ کو چار دن قبل پولیس کے حوالے کردے۔ قبل ازیں ہائی کورٹ نے 16اپریل کو عبوری ضمانت جاری کرتے ہوئے نارائن سائی کو ان کی والدہ کی سرجری کیلئے احمد آباد جانے کی اجازت دی ۔ بہرحال سپریم کورٹ نے29اپریل کو فیصلہ کی تجدید کرتے ہوئے بتایا کہ نارائن سائی کو اس وقت ضمانت پر رہا کیا جانا چاہیئے جبکہ ان کی والدہ کے آپریشن کی تاریخ طئے ہو۔