حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی صدرنشین کودنڈا رام نے ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے ججس کو خدمات سے معطل کرنے کے طریقہ کار کی سخت مذمت کی اور ان ججس کی خدمات سے معطلی کو فی الفور ختم کردینے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ انھوں نے مزید کہاکہ گزشتہ دو سال سے ریاست تلنگانہ میں واقع یونیورسٹیوں کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کردیا گیا جس کے باعث یونیورسٹی کی حالت بہت خستہ ہوچکی ہے۔ کودنڈا رام نے کہاکہ وائس چانسلروں، پروفیسرس وغیرہ کے تقررات میں حکومت کی مداخلتوں بالکلیہ طور پر نامناسب بات ہے۔ اس طرح کی مداخلتوں کے باعث یونیورسٹیوں کے معیار تعلیم پر بھی بہت ہی منفی اثر مرتب ہورہا ہے۔