نائیجیریا میں چرچ پر حملہ، 16 افراد ہلاک

لاگوس۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فرقہ وارانہ تشدد کا سامنا کر رہے نائیجیریا کے ایک صوبے میں بندوقوں سے لیس کچھ چرواہوں نے منگل کو ایک چرچ کے مذہبی اجتماع پر حملہ کر دیا جس میں 16 افرادکی موت ہو گئی۔بنیو نامی صوبے میں پولیس کے ترجمان موسی یامو نے بتایا کہ یہ حملہ گویر ایسٹ انتظامیہ کے ایار بلوم نامی گاؤں میں منگل کی صبح 6 بجے ہوا۔ مسٹر یامو نے چرواہوں کی طرف کئے گئے اس حملے میں دو پادریوں سمیت 16 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے ۔چراگاہ حقوق اور گھٹتی ہوئی زرخیز زمین کے معاملہ پر ہونے والی ان پرتشدد جھڑپوں نے ملک میں سیکورٹی نظام کو برقرار رکھنے کی حکومت کی اہلیت کو لے کر سوال کھڑے کر دئیے ہیں۔ فرقہ وارانہ تشدد میں شامل چرواہا بنیادی طور پرفلاني نسلی گروپ کے مسلمان ہیں جبکہ یہاں بسنے والے زرعی کمیونٹیز کے رکن زیادہ تر عیسائی ہیں۔اس قسم کے حملے دونوں جانب سے کیے جاتے ہیں۔نائیجیریا میں چرواہوں اور کسانوں کے درمیان ہونے والی پرتشدد جھڑپوں میں اس سال سینکڑوں لوگ مارے گئے ہیں۔