لاگوس 23 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) نائیجریا میں دو بس اسٹیشنوں میں ہوئے بم دھماکوں میں کم از کم 29 افراد ہلاک ہوگئے اور 105 زخمی ہوگئے ہیں۔ اس دوران نائیجیریا کے نئے صدر نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ان کے ملک کو کارآمد ہتھیار فروخت کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں بوکو حرم کی مدد ہو رہی ہے اور اسے استحکام حاصل ہو رہا ہے ۔ نائیجیریا کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے آج عوام سے اپیل کی کہ وہ دھماکوں میں زخمی ہونے والے 105 افراد کیلئے خون کا عطیہ دیں جنہیں شدید ضرورت ہے ۔ ایجنسی کے ترجمان سانی دتی نے کہا کہ آج ہوئے دھماکوں میں کم از کم 29 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن کی نعشیں دستیاب ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل رات دیر گئے ہوئے ان دھماکوں کو بوکو حرم کی جانب سے حالیہ عرصے میں کئے گئے دھماکوں کا تسلسل ہی قرار دیا جا رہا ہے جن میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔