نائجیریا میں شائقین فٹبال بم دھماکے کا شکار، کم از کم 7 ہلاک

نائیجر 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک نائجیریا کے شمال مشرقی شہر داماتْورْو میں ٹیلی ویژن پر فٹ بال میچ دیکھنے والا ایک ہجوم خود کْش بمبار کے حملے کا شکار ہو گیا۔ ایک درجن سے زائد ہلاکتوں کا بتایا گیا ہے۔ خود کْش بم دھماکے سے اْس مقام پر خون، انسانی اعضاء اور ساز و سامان بکھر گیا جہاں جمع لوگ فٹ بال میچ کا لْطف لے رہے تھے۔ ٹیلی ویژن پر برازیل اور میکسیکو کی ٹیموں کے درمیان برازیل میں جاری ورلڈ کپ کا فٹ بال میچ دیکھا جا رہا تھا کو خود کش حملہ آور نے یہ کارروائی کر دی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک بڑے دھماکے کے بعد دوسرا دھماکہ بھی ہوا۔ داماتْورْو کے پولیس کمشنر مارکْس ڈانلاڈی نے اس دھماکے کی تصدیق کر دی ہے۔ دھماکے کے بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ اسپتالی ذرائع کے مطابق سات لاشوں کے علاوہ پندرہ افراد انتہائی شدید زخمی ہیں اور اِس باعث ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین ممکن نہیں۔ عینی شاہدین کے مظابق ایک تین پہیوں والے سائیکل ٹیکسی کو چلاتے ہوا ایک شخص نے فٹ بال میچ دیکھنے والوں کے قریب پہنچ کر بارودی بیلٹ کو اڑا دیا۔ رات کی وجہ سے امدادی عمل میں کچھ رکاوٹیں بھی حائل ہیں۔ اِس کے علاوہ ایسے خدشات بھی سامنے آئے ہیں کہ مزید خود کش حملہ ہو سکتا ہے۔ فٹ بال میچ سے لطف لینے والوں کو حالیہ ہفتوں کے دوران بوکو حرام نے خاص طور پر ٹارگٹ کر رکھا ہے اور گزشتہ ایک دو ہفتوں کے دوران چالیس سے زائد افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ بوکو حرام کو کنٹرول کرنے کیلئے نائجیریا کی فوج بھی سکیورٹی کارروائیوں میں شریک ہے۔