نائجیریا میں بوکوحرام کا حملہ، 24 ہلاک

کانو ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی نائجیریا کے ایک گاؤں میں بوکوحرام کے بندوق برداروں کے حملہ میں کم سے کم 24 افراد ہلاک ہوگئے۔ ان اسلام پسندوں نے حالیہ چند مہینوں کے دوران دوردراز کے دیہاتوں میں کئے جانے والے مہلک حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ریاست بورنو میں کل طلوع آفتاب کے بعد درجنوں موٹر سیکل سوار بوکوحرام بندوق برداروں نے موضع کمویا پر حملہ کردیا جب مقامی دیہاتی ہفتہ وار بازار روانہ ہورہے تھے۔ ان پر اندھادھند فائرنگ کی گئی۔ بوکوحرام کے انتہاء پسندوں نے گذشتہ ماہ 200 اسکولی طالبات کا اغواء کرتے ہوئے ساری دنیا کی توجہ اپنی طرف مرکوز کروائی ہے۔ وہ نائجیریا میں آزادانہ حملے کررہے ہیں اور سیکوریٹی پر فوج کی گرفت کمزور ہوگئی ہے۔