نائجیریا اور چاڈ میں دہشت گرد حملوں کی سلامتی کونسل نے مذمت کی

اقوام متحدہ ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بوکوحرام عسکریت پسندوں کے ذریعہ نائجیریا اور چاڈا دو آفریقی ممالک پر حملے کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ عالمی مجلس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بوکوحرام کے ذریعہ دہشت گرد حملوں کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ سلامتی کونسل نے یہ یاد دہانی بھی کروائی ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے جو بھی اقدامات کئے جائیں، وہ بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہوں، خصوصی طور پر بین الاقوامی حقوق انسانی اور پناہ گزین قوانین کو ملحوظ رکھا جائے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اتوار کو بوکوحرام کے دہشت گردوں نے مبلغین کے بھیس میں کم و بیش 24 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ نائجیریا کے بورنو اسٹیٹ میں واقع ایک مسجد سے قریب کئے گئے حملوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ فروری میں دہشت گردوں نے چاڈ میں بھی حملہ کیا تھا جس میں کم و بیش 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کونسل کے تمام ارکان کو بوکوحرام سے نمٹنے موثر حکمت عملی اپنانا چاہئے۔