نائب صدر وینکیا نائیڈو کا سہ قومی دورہ

نئی دہلی ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر وینکیا نائیڈو سہ قومی دورہ پر روانہ ہورہے ہیں جس میں وہ 14 تا 20 ستمبر سربیا، مالٹا اور رومانیہ جائیں گے تاکہ ان وسطی یوروپی ممالک کے ساتھ روابط کو تقویت دی جاسکے ، وزارت امورخارجہ نے آج یہ بات کہی۔ اپنے دورہ کے پہلے مرحلہ میں نائیڈو 14 تا 16 ستمبر سربیا جائیں گے ۔ جوائنٹ سکریٹری (سنٹرل یوروپ) وزارت امورخارجہ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ یہ دورہ سربیائی صدر الیگژنڈر ووسچ کی دعوت پر ہورہا ہے۔ سربیا ہندوستان کیلئے غیرمشروط اور کھلی ویزا پالیسی رکھتا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں نائیڈو 16 تا 18 ستمبر مالٹا کا دورہ کریں گے۔ مالٹا بحیرہ روم کا ملک ہے جو شمالی افریقہ اور یوروپ کے درمیان میں واقع ہے اور مختلف سامان کی اہم گذرگاہ ہے۔ آخری مرحلہ میں نائب صدر 18 تا 20 ستمبر رومانیہ میں ہوں گے۔ یہ دورہ ہند ۔ رومانیائی روابط کے 70 ویں سال اور رومانیہ کی صدسالہ تقاریب کے موقع پر ہورہا ہے۔ نائیڈو رومانیائی صدر کلاس آئیو ہانیز کے علاوہ دیگر قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔