جکارتہ۔2نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور انڈونیشیاء نے آج قابل تجدید توانائی اور ثقافت کے شعبوںمیں مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کئے اور انسداد دہشت گردی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے نائب صدر انڈونیشیاء جوسوف کلا سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ تنوع اور باہمی تجارتی تعلقات کے علاوہ ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کاری کی خانگی شعبوں کے ذریعہ حوصلہ افزائی پر تبادلہ خیال کیا ۔ نائب صدرمحمد حامد انصاری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے ۔ انڈونیشیاء کی جانب سے دو یادداشتوں پر دستخط بھی اہمیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے ہندوستان کے میلہ کے جاریہ سال کے اوائل میں انڈونیشیاء میں انعقاد پر حکومت انڈونیشیاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ انڈونیشیاء کے ساتھ تعاون میں اضافہ ہندوستان کی مشرق کے ممالک کے ساتھ مل کر جدوجہد کرنے کی پالیسی کا ایک حصہ ہے ۔ نائب صدرجمہوریہ نے 60ویں ایشیائی افریقی چوٹی کانفرنس کے کامیاب اہتمام پر بھی انڈونیشیاء کو مبارکباد پیش کی ۔انڈونیشیاء بحرہند کی رم اسوسی ایشن کا گذشتہ ہفتہ صدر نشین منتخب ہوا ہے ۔ حامد انصاری نے صدرانڈونیشیاء کو اس کی بھی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو یقین ہے کہ صدر جوکوویڈوڈو اور نائب صدر کلا کی زیرقیادت انڈونیشیاء ہمہ جہتی ترقی کرتا رہے گا اور ہندوستان اور انڈونیشیاء کے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ انڈونیشیاء آسیان کا رکن ہے اور ہندوستان بھی اس کا رکن ہے ۔ دونوں ایک دوسرے کی تائید کے خواہاں ہے ۔