نئے وزیر دفاع کی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات

نئی دہلی۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ خریداری اور فوج کے موقف کو بہتر بنانے کی کوشش کو تیز رفتار بناتے ہوئے نئے وزیر دفاع منوہر پاریکر فوج کے تینوں شعبوں کے سربراہوں اور اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے سلسلہ وار ملاقاتیں کریں گے جن کا آغاز کل سے ہوگا۔ منوہر پاریکر نے گزشتہ ہفتہ وزارت دفاع کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کل فوج، بحریہ، فضائیہ کے مطالبات پر غور کرنے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ انھوں نے واضح کردیا کہ ان کے دور وزارت میں خریداری کا عمل نہ صرف شفاف بلکہ تیز رفتار ہوگا۔ یہ مفروضہ ہے کہ دفاعی خریداریاں سابق یو پی اے حکومت کے دوران سُست رفتار تھیں، کئی اہم پراجکٹس کا سابق حکومت نے آغاز کیا، لیکن تمام کے تمام سودے بازی کی حد تک ہی اب تک بھی محدود ہیں۔