اضلاع کی تشکیل پر حکومت کے متوقع اعلان کے پیش نظر چیف سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔ 31۔اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ نئے قائم ہونے والے اضلاع کیلئے 11 اکتوبر تک تمام اہم سرکاری دفاتر کو کارکرد کردیا جائے۔ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں راجیو شرما نے کہا کہ کلکٹر ایس پی اور دیگر محکمہ جات کے دفاتر 11 اکتوبر تک قائم کردیئے جائیں تاکہ دسہرہ سے نئے اضلاع کے آغاز کی صورت میں نظم و نسق کو کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بہتر حکمرانی کے لئے نئے اضلاع کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا اور ان کے آغاز سے قبل ہر ضلع کیلئے دفاتر کے قیام کا عمل مکمل کردیا جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں پرنسپل سکریٹری پنچایت راج ایس پی سنگھ پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی آدھر سنہا ، سکریٹری جنگلات بی آر مینا ، سکریٹری داخلہ راجیو تریویدی، سکریٹری عمارات و شوارع سنیل شرما ، سکریٹری فینانس شیو شنکر، کمشنر پنچایت راج شریمتی انیتا راجندر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ضلع کلکٹر سے کہا گیا کہ نئے اضلاع سے متعلق تمام محکمہ جات کی فائلوں کو علحدہ کرتے ہوئے متعلقہ ضلع حکام کے حوالے کیا جائے۔ مختلف محکمہ جات میں برسر خدمت ملازمین کی تفصیلات ، ان کی سنیاریٹی اور عہدوں کی تعداد کے بارے میں رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ کلکٹر سے کہا گیا کہ وہ مختلف محکمہ جات کیلئے درکار دفاتر اور انفراسٹرکچر سہولتوں کے بارے میں حکومت کو واقف کرائیں۔ ہر نئے ضلع کیلئے علحدہ ٹریژری اکاؤنٹ قائم کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ نئے اضلاع میں بہتر نظم و نسق کیلئے مکمل تعاون کریں۔ حکومت ہر ضلع کیلئے مناسب اسٹاف اور انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کرنے تیار ہے۔