نئی دہلی۔/25اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے جب یہ دیکھا کہ ان کی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کرکے کئی اہم تقررات کو التواء میں ڈال دیا ہے، انہوں نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے اپیل کی کہ موصوف نئے فوجی سربراہ کی تقرری کیلئے بھی فی الحال آمادگی کا اظہار نہ کریں جس کی وجہ سے خواہ مخواہ صدر جمہوریہ کے دفتر کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے ملک کی افواج کے حوصلے پست کئے جاسکتے ہیں۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے انہوں نے واضح طور پر کہا کہ نئے فوجی سربراہ کی تقرری کرنے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے اور اگر ایسا ہوا تو الیکشن کے موسم میں صدر جمہوریہ کے دفتر کو بھی گندی سیاست کا حصہ بناکر افواج کے حوصلے پست کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج کے تعلق سے کچھ تحقیقات بھی جاری ہیں اور ان کی تکمیل تک اگر فوجی سربراہ کی تقرری زیر التواء رہے تو بہتر ہوگا۔