ریاست کی ترقی کیلئے قدرتی وسائل کا استعمال، چندرا بابو نائیڈو
حیدرآباد ۔ 27 ستمبر (این ایس ایس) چیف منسٹر اے پی این چندرا بابو نائیڈو نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست اے پی کے نئے صدر مقام کی تعمیر اور ترقی کیلئے بنیادی سطح سے کوشش کی جانی چاہئے۔ نئی ریاست آندھراپردیش کیلئے وجئے واڑہ میں نئے دوردرشن چینل ’’سپتاگیری‘‘ کے افتتاح کے بعد چیف منسٹر نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو اس تقریب میں موجود تھے۔ سپتاگیری چینل کے آغاز کے بعد آندھراپردیش کے تمام پروگرامس کا وجئے واڑہ سے ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا جبکہ آل انڈیا ریڈیو کے نام کو ہندوستانی ترنگا کو رنگ دینے والے ڈیزائنر پنگلی وینکیا کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے عوام سے خواہش کی کہ وہ نئے صدر مقام کی ترقی میں اپنا تعاون پیش کریں جبکہ میگا سٹی کو وجئے واڑہ، گنٹور، منگلاگیری اور ٹینالی کیساتھ ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں موجود قدرتی ذرائع کو صدر مقام کی ترقی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ چندرا بابو نائیڈو نے اس موقع پر وینکیا نائیڈو کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نائیڈو نے کبھی بھی اصولوں کیساتھ مفاہمت نہیں کی ہے۔