نئے سال کے موقع پر شراب پی کر ڈرائیونگ کیخلاف پولیس کا انتباہ

حیدرآباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست نیوز)اتوار 31 ڈسمبر کی رات 10بجے تا یکم جنوری صبح 5 بجے تک سارے شہر میں ’’ ڈرنک اینڈ ڈرائیو ‘‘ کے خلاف خصوصی مہم چلانے کا ٹریفک ڈی سی پی اے وی رنگناتھ نے اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے سال کی مناسبت سے 100 خصوصی ٹیموں کو میدان میں اُتارا گیا ہے۔ شراب پی کر گاڑیاں چلانے والوں کی شناخت کرتے ہوئے ان کے حرکات و سکنات کو باقاعدہ ویڈیو ریکارڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ شراب پی کر گاڑیاں چلانے والوں کو جرمانوں کے ساتھ ساتھ جیل کی سزا بھی دی جائے گی۔ علاوہ ازیں شراب پی کر گاڑیاں چلانے کے بعد جیل کی سزا کاٹنے والوں کی تفصیلات آدھار کارڈس سے مربوط کرکے ملازمت، ویزا، پاسپورٹ اور دیگر تحقیقات سے بھی مربوط کیا جائیگا جس کی وجہ سے ایسے افراد کو پاسپورٹ، ملازمت، ویزا وغیرہ حاصل کرنے میں بھی مشکلات درپیش ہوں گی انہوں نے تمام شہریان خصوصاً نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ نئے سال کی خوشی باوقارانداز میں مناکر گھر واپس ہوجائیں۔