نئے سال کی رات ہوٹل میں ہنگامہ، سات زخمی

مہو (ایم پی) ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نئے سال کا جشن منانا کچھ لوگوں کیلئے نقصان کا سودا ثابت ہوا جب کچھ برہم دیہاتیوں نے ایک ہوٹل میں اس وقت توڑ پھوڑ مچائی جب ہوٹل اسٹاف نے ایک مقامی فرد کو صبح کی اولین ساعتوں میں کھانا سربراہ کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ توڑ پھوڑ میں سات افراد بشمول ہوٹل کا مالک زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق موضع گاولی پلاسیا کا ایک نوجوان رات 12.30 بجے ہوٹل پہنچا اور مطالبہ کیا کہ اسے کھانا سربراہ کیا جائے ۔ باڈگونڈآ پولیس اسٹیشن کے تحقیقاتی آفیسر بیمراج جاٹ نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہوٹل والوں نے کھانا سربراہ کرنے سے انکار کردیا تو گرما گرم بحث چلی جس میں دیہاتیوں کی ایک بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی اور ہوٹل اسٹاف کو زد و کوب کیا جس میں ہوٹل مینجر منوج مالویا شدید طور پر زخمی ہوگئے جنہیں اندور کے ایک ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔

بیوی کی موت پر کانسٹبل شوہر گرفتار
سیلم (ٹاملناڈو)۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی آر پی ایف کے ایک کانسٹبل کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب اس کی بیوی جو ایک سری لنکائی تمل پناہ گزین ہے، کی مشتبہ طور پر موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ گیانا کماری اپنے گھر میں مردہ پائی گئی جبکہ اس کا شوہر منوج کمار تھوڑی دیر پہلے ہی گھر سے روانہ ہوا تھا ۔ گیانا کماری کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے مزید کہا کہ موت کی وجوہات کا پتہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ملنے کے بعد ہوگا ۔ البتہ یہ شبہ کیا جارہا ہے کہ منوج کمار نے تکئیے کے ذریعہ اپنی بیوی کا گلا گھونٹ کر اس کا قتل کیا ہوگا ۔ سی آر پی ایف کانسٹبل نے گیانا کماری سے چھ سال قبل محبت کی شادی کی تھی جن کے دو بیٹے ہیں۔ منوج کمار چھ ماہ میں ایک بار رخصت ملنے پر پر ا پنی بیوی سے ملاقات کیلئے جاتا تھا لیکن گزشتہ کچھ عرصہ سے اسے اپنی بیوی کے کردار پر شک ہونے لگا تھا جس کی وجہ سے دونوں میں جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ فی الحال مشتبہ موت کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔یہاں اس بات کا تدکرہ بھی ضروری ہے کہ اکثر فوجیوں کی طویل مدتی ملازمتیں ان کی گھریلو زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔