نئے سال کا جشن :چین میں بھگدڑ،32 نعشوں کی شناخت مکمل

شنگھائی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شنگھائی کے واٹر فرنٹ علاقہ میں نئے سال کے جشن کے دوران بھگدڑ کے واقعہ میں ہلاک ہونے وال 36 افراد کے منجملہ 32 افراد کی نعشوں کی شناخت ہوچکی ہے ۔ حکام نے آج یہ بات بتائی جبکہ دوسری طرف چینی میڈیا اور عوام سرکاری انتظامیہ کو اس حادثہ کیلئے مورد الزام ٹھہراتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت اتنے بڑے حادثہ کی روک تھام میں ناکام ہوگئی ۔ پولیس نے تحقیقات کے اس زاویہ کو مسترد کردیا جہاں یہ کہا گیا تھا کہ نقلی ڈالرس اُڑائے جانے اور انہیں اصلی سمجھتے ہوئے حاصل کرنے کیلئے عوام کا ایک جم غفیر ٹوٹ پڑا تھا ۔ مہلوکین میں سب سے کم عمر 12 سال کے ایک لڑکے کی ہے اور سب سے زیادہ عمر کا شخص صرف 37 سال کا تھا۔ جن نعشوں کی شناحت ہوئی ہے ان میں 21 خواتین ہیں جو نوجوان اور کالج طالبات تھیں۔ زینہوا خبر رساں ایجنسی نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ ہماری آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے جہاں دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت کو ہم آج بھی ایک ترقی پذیر ملک ہی کہہ سکتے ہیں جہاں سوشیل منیجمنٹ انتہائی نازک ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ نیا سال دنیا کے ہر ملک میں منایا جاتا ہے جہاں متعدد تقریبا ت منعقد کی جاتی ہے۔