صرف نئے اضلاع میں ملازمین کے رضا مندی سے عمل آوری
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں نئی زونل پالیسی پر عمل آوری کے باوجود سرکاری ملازمین کے لیے سابقہ صدارتی احکامات ہی قابل عمل رہیں گے ۔ یعنی فی الوقت برسر خدمت ملازمین جہاں جس مقام پر خدمات انجام دے رہے ہوں وہیں پر برقرار رہیں گے ۔ تاہم حالیہ عرصہ کے دوران عمل میں لائی گئی اضلاع کی تشکیل جدید کی روشنی میں سرکاری ملازمین کو مختلف علاقوں یعنی زونس میں تعینات کرنے کے موقعہ پر ان تمام ملازمین سے آپشنس ( رضا مندی ) طلب کئے جائیں گے ۔ مثال کے طور پر بتایا جاتا ہے کہ مشترکہ ضلع نلگنڈہ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین سابقہ صدارتی احکامات کے مطابق تقرر شدہ رہنے کے مد نظر ان ملازمین کو اسی ضلع میں برقرار رکھنا پڑے گا ۔ ضلع نلگنڈہ کی تقسیم کے بعد تین اضلاع ہوگئے ۔ جس میں نلگنڈہ ، سوریہ پیٹ اور یادادری ( بھونگیر ) شامل ہیں ۔ لہذا سرکاری ملازمین سے کس ضلع میں خدمات کے خواہش مند رہنے سے متعلق آپشن حاصل کیا جائے گا اور ملازمین سے حاصل ہونے والے آپشن کی روشنی میں سرکاری ملازمین کو مناسبت کے لحاظ سے تعینات کیا جائے گا اور اب کئے جانے والے نئے تقررات کے تحت تقرر ہونے والے ملازمین نئے زونل سسٹم کے دائرہ کار کے مطابق ہوں گے ۔۔