نوٹ برائے ووٹ اسکام مزید تلگودیشم قائدین کو اے سی بی نوٹسیں

حیدرآباد  19جولائی ( سیاست نیوز ) نوٹ برائے ووٹ اسکام میں اینٹی کرپشن بیورو نے تلگودیشم کے مزید قائدین کو نوٹس جاری کرکے پوچھ تاچھ کیلئے اے سی بی ہیڈ کوارٹر حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ تلگودیشم کے جوبلی ہلز رکن اسمبلی مسٹر ماگنٹی گوپی ناتھ کے قریبی ساتھی پردیپ کمار اور ٹی این ایس ایف کے قائدین پُلا راو منوج اور سدھیر کو سی آر پی سی کے دفعہ 160 کے تحت نوٹس جاری کرکے تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔حال ہی میں اے سی بی نے تلگودیشم کے قانون ساز کونسل کے امیدوار ویم نریندر ریڈی کے فرزند کرشنا کیرتی کو نوٹس جاری کرکے اے سی بی ہیڈ کوارٹر طلب کیا تھا اور کئی گھنٹوں کی پوچھ تاچھ کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی ۔نوٹ برائے ووٹ اسکام میں گرفتار تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی ‘ سنڈرا وینکٹ ویریا اور دیگر کی تفتیش اور موبائیل فون کال ڈاٹا کے تجزیہ کے بعد اے سی بی نے اس اسکام سے جڑے ہوئے تمام تلگودیشم قائدین کو نوٹس جاری کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔