نئی نسل کو گمراہ کن نظریات محفوظ رکھنے کی تلقین

حیدرآباد /17 فروری ( دکن نیوز ) مولانا محمد خواجہ شریف نے کہا کہ اولیاء اللہ ، اللہ تعالی کے مقرب بندے ہیں ۔ ہر خطے میں اولیاء اللہ موجود ہیں ان ہی سے دنیا میں علم و عرفان پھیلا ہے ۔ دین کی شمعیں جل رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے 84 ویں عرس مبارک حضرت خواجہ شیخ کریم اللہ شاہ قادری کے ضمن میں جلسہ عظمت اولیاء سے احاطہ حضرت ممدوح ، چٹگوپہ شریف ، ہمناآباد ضلع بیدر میں مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا خواجہ شریف نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ بانی جامعہ نظامیہ امام محمد انور اللہ فاروقی کے عرس شریف کی 100 سالہ تقاریب کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ اللہ تعالی نے کسی بھی ولی کو جاہل نہیں رکھا جو ولی ہوتا ہے وہ عالم ہوتا ہے عارف ہوتا ہے کسب علم کے بعد ذکر میں مشغول ہوتا ہے ۔ آپ نے اپنی تقریر و تحریر کے ذریعہ سے ا شاعت علم کا کام انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد انور اللہ فاروقی نے کئی کتابوں کی تصنیف کی ۔ مولانا محمد فصیح الدین نظامی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ نے اولیاء اکرام کی عظمت و شان کو بیان کیا اور کہا کہ آج نئی نسل کو گمراہ کن نظریات سے محفوظ رکھنا ضروری ہے ۔ گلبرگہ کے عالم دین مولانا مفتی محمد عبدالرشید قادری نے کہاکہ اصحاب کہف کی محبت میں کتا بھی انسان بن کر جنت میں رہے گا اولیاء کرام کی محبت ، صحبت رائگاں نہیں جائے گی ۔ اولیاء سے محبت کرنے والوں سے اللہ بھی محبت کرتا ہے ۔ مولانا سید نعمت الہ قادری جامعہ نظامیہ نے حدیث پاک کا حوالہ سے کہا کہ جب دل درست ہوتا ہے تو سب درست ہوتا ہے جب وہ بگڑ جاتا ہے تو سب بگڑ جاتا ہے ۔ اولیاء کرام نے دلوں کی صفائی کی اور دلوں پر حکومت کی ۔ مولانا حافظ عبدالرؤف علی قادری کورم پیٹ نے کہا کہ اللہ والے عبادت و ریاضت کرتے ہیں اور اس کی حفاظت بھی کرتے ہیں ۔ کینہ ، حسد ،تکبر وغیرہ سے محفوظ رہتے ہیں ۔ مولانا محمد جعفر محی الدین قادری مولانا مفتی محمد علی نورانی نے بھی مخاطب کیا ۔ جناب اشہر بہرائی ممبئی کی نعت شریف سے آغاز ہوا ۔ مولانا شیخ امان اللہ شاہ قادری نے مراسم عرس انجام دئے ۔ مولانا خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری چشتی نے تمام مہمانوں کی شال پوشی و گلپوشی کی ۔ حافظ عبدالباری ساجد نے نظاجمت کے فرائض انجام دئے ۔