نئی نسل کو مسلم مجاہدین آزادی سے واقف کرانا انجینئر عمران کا مشن

ایک سو ستر مسلم مجاہدین کے پورٹریٹس کی تیاری ، سیاست کے اشتراک سے نمائش کے اہتمام کا عزم
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( نمائندہ خصوصی) : نئی نسل کو ہندوستان کی حقیقی تاریخ اس ملک میں مسلم حکمرانوں کی حکمرانی ، انصاف پسندی ، رعایا پروری ، شجاعت و بہادری کے ساتھ ساتھ مسلم مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کروانا بہت ضروری ہے کیوں کہ آج اگر ہم بچوں سے مجاہدین آزادی کے بارے میں سوال کریں گے تو ان کے جوابات میں مولانا ابوالکلام آزاد ، مولانا محمد علی جوہر وغیرہ کے چند ایک نام شامل ہوں گے ۔ یہ ہماری نئی نسل کا قصور نہیں ہے بلکہ غلطی ہماری ہے کہ ہم انہیں جنت نشاں ہندوستان کو انگریزوں کی غلامی سے آزادی دلانے میں عظیم قربانیاں پیش کرنے والے مسلم مجاہدین آزادی کے بارے میں واقف ہی نہیں کراتے جب کہ سرکاری اور خانگی سطح پر مسلم مجاہدین آزادی کو ایسا لگتا ہے کہ جان بوجھ کر نظر انداز کردیا جاتا ہے ۔ تاہم ہمارے معاشرے میں چند ایسے نوجوان ہیں جو چاہتے ہیں کہ نئی نسل کو ملک کی آزادی میں نمایاں رول ادا کرنے والے مسلم مجاہدین آزادی سے واقف کروائیں ۔ انہیں یہ بتاسکیں کہ ان مسلم مجاہدین آزادی نے کس طرح اپنی دولت کو تحریک آزادی کے لیے قربان کردیا ۔ کیسے ان لوگوں نے اپنی معیشت کو تباہ و برباد کر کے تحریک آزادی کو مضبوط و مستحکم بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ۔ ہندوستان کی نئی نسل کو مسلم مجاہدین کے کارناموں ان کی قربانیوں اور ناقابل فراموش خدمات سے واقف کرانے والوں میں پرانا شہر کے ریاست نگر سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایم اے عمران بھی شامل ہیں ۔ پیشہ کے اعتبار سے اسپیشل سسٹم ڈیزائن انجینئر ایم اے عمران ہمہ جہتی شخصیت کے مالک ہیں ۔ غریب مسلم طلبہ و نوجوانوں کی مدد ملی مسائل کے حل اور ملت کی تعلیمی و معاشی پسماندگی دور کرنے کے ہر کام میں وہ آگے آگے رہتے ہیں ۔ محکمہ پولیس کے ریٹائرڈ ملازم محمد عبدالجبار مرحوم کے اس فرزند نے ایس ایس سی فلوریسنٹ پبلک اسکول اردو میڈیم معین باغ سے کیا اور پھر انٹر میڈیٹ نیو گورنمنٹ جونیر کالج ( ووکیشنل پالی ٹیکنیک ) محبوب نگر سے کرتے ہوئے جے این ٹی یو حیدرآباد سے بی ٹیک اور پھر ایم ٹیک کیا ۔ اس طرح عمران نے اردو میڈیم طلبہ کے لیے ایک اچھی مثال قائم کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ میڈیم سے کچھ فرق نہیں پرتا بلکہ کامیابی کے لیے محنت ضروری ہے ۔ جیسا کہ راقم الحروف نے سطور بالا میں بتایا کہ عمران نئی نسل کو مسلم مجاہدین آزادی کے کارناموں سے واقف کرانا چاہتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے تقریبا 170 مسلم مجاہدین آزادی کے پورٹریٹ ( مونوگرام فوٹو اسکیجس ) تیار کروائے ہیں ۔ بحرین میں اسپیشل سسٹم ڈیزائن انجینئر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ایم اے عمران حال ہی میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنی قومی و ملی خدمات سے واقف کروایا اور بتایا کہ وہ اگست میں روزنامہ سیاست کے تعاون و اشتراک سے مسلم مجاہدین آزادی کے ان پورٹریٹس کی نمائش کا اہتمام کریں گے ۔ ایم اے عمران کے مطابق سیاست کی جانب سے ملت میں بیداری شعور کی جو مہم اور تحریک شروع کی گئی وہ سارے ملک میں اپنی مثال آپ ہے ۔ خاص طور پر ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی کے لیے سیاست جو خدمات فراہم کررہا ہے وہ سارے ملک میں کہیں نہیں دیکھی جاسکتی ۔ ہندوستانی مجاہدین آزادی فاونلایشن کے نام سے فیس بک پر خصوصی صفحہ کے ذریعہ نئی نسل کو مسلم مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کروانے میں مصروف عمران ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جن کے اکثر ارکان کا پولیس اور فوج سے تعلق رہا ہے وہ ایک سماجی و آر ٹی آئی جہدکار کی حیثیت سے بھی اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں ۔ عمران چاہتے ہیں کہ مسلم والدین اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کریں کیوں کہ ان کے خیال میں تعلیم کے ذریعہ ہی مسلمان فرقہ پرستوں کی فرقہ پرستی ، ان کے تعصب اور جانبداری کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور دیگر ابنائے وطن میں اپنے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے میں وہ کامیاب ہوسکتے ہیں ۔۔