نئی نسل کو دین سے واقف کروانے کے رجحان میں اضافہ

اسلامی کتب کی نمائش سے استفادہ ، پڑوسی ریاستوں کے افراد بھی خریداروں میں شامل
حیدرآباد۔ 18؍نومبر (سیاست نیوز)۔ نوجوان نسل کے ساتھ ساتھ آئندہ نسل کے متعلق والدین میں تفکرات بڑھ چکے ہیں اور والدین اپنے بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے انھیں دِینی علوم سے واقف کروانے کی غرض سے کتابوں کا شوقین بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ شہر میں جاری دوسری عالمی اِسلامی کتب نمائش میں اس بات کو شدت سے محسوس کیا جارہا ہے کہ نوجوان نسل اپنی آئندہ نسل کو مذہبی علوم سے بہرہ ور رکھنے کے جدید طریقوں کو اختیار کررہی ہے۔ ہدیٰ بک ڈپو و پبلی کیشنس کی جانب سے منعقدہ اس نمائش میں زائد از 10 ہزار کتب مشاہدے و فروخت کے لئے رکھے گئے ہیں جہاں ایک چھت تلے 100 سے زائد ناشرین کی جانب سے شائع کردہ کتب موجود ہیں۔ تقریباً آٹھ سال بعد شہر میں منعقد ہورہی اِسلامی کتب کی نمائش میں اُردو سے زیادہ انگریزی کتب اور دیگر جدید طریقۂ کار کو اختیار کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ انگریزی کتب کی خریدی کرنے والے طبقات میں نہ صرف نوجوان نسل شامل ہے بلکہ بیشتر پروفیشنل بالخصوص آئی ٹی صنعت سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے اپنے بچوں کو دِین سے قریب رکھنے کی کوشش کے تئیں انگریزی کتب جس میں پیغمبروں کے واقعات کے علاوہ اِسلامی کہانیاں، اِسلامی کھیل، کوئز، نماز و اذکار سے متعلق شامل ہیں۔ ان کتب کی فروخت میں دن بہ دن اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ اسی طرح اِسلامی چارٹس توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ 23 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش میں سعودی عرب، لبنان، مصر، شمالی ہند، پاکستان کے علاوہ دیگر کئی ممالک سے شائع ہونے والی مطبوعات موجود ہیں۔ حج ہاؤس سے متصل وقف بورڈ کی زیر تعمیر عمارت ’گارڈن ویو‘ میں جاری اس نمائش میں نہ صرف اِسلامی کتب دستیاب ہیں بلکہ ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی کتابیں نمائش میں موجود ہیں۔ علاوہ ازیں نمائش میں ایک گوشہ عطورات اور الکحل سے پاک ڈیوڈرنٹ وغیرہ پر مشتمل ہے جب کہ ڈیجیٹل اِسلامک گھڑیاں وغیرہ بھی نمائش میں دستیاب ہیں۔ اسی طرح برقعے، طغرے اور اسکاف کے کاؤنٹرس بھی نمائش میں موجود ہیں۔ جناب عبدالباسط شکیل ڈائریکٹر ہدیٰ پبلی کیشن نے بتایا کہ کتب کی نمائش سے اس بات کا اندازہ ہورہا ہے کہ دِین سے واقفیت کی دِلچسپی میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے جوکہ خوش آئند بات ہے۔ انھوں نے بتایا کہ نوجوان نسل انگریزی میں دِینی کتب کے حصول میں دِلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ آئندہ نسلوں کے لئے موجود ٹکنالوجی سے مربوط اِسلامی کھلونے خریدنے میں دِلچسپی دکھا رہی ہے۔ کتب کی نمائش میں نہ صرف شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا علمی طبقہ پہنچ رہا ہے بلکہ نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے کتابوں کی خریداری کرنے والوں میں چینائی، اورنگ آباد، نیلور، ٹامل ناڈو کے علاوہ پڑوسی ریاست کرناٹک کے اضلاع کے لوگ بھی شامل ہیں۔ اِسلامی کتب نمائش میں دِینی مدارس کے لئے قرآن و احادیث کی شرح کے علاوہ کتابوں کے ذخائر موجود ہیں جب کہ نوجوان نسل، خواتین کے ساتھ ساتھ محققین کے لئے بہترین مواد دستیاب ہے۔ نمائش میں 13 جلدوں پر مشتمل رسولؐ نمبر کتاب توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس کی قیمت 8 ہزار روپئے ہے۔ اس کے علاوہ اس سے زائد قیمت کی کئی مطبوعات جوکہ کئی جلدوں پر مشتمل، نمائش میں موجود ہے۔ مشاہدین جن مذہبی کتابوں پر توجہ مرکوز کررہے ہیں، ان میں تبرکاتِ انبیاء، تبرکاتِ صحابہؓ، تبرکاتِ خلفاء، تصاویر بیت اللہ، حیواناتِ قرآنی شامل ہیں جب کہ چلڈرنس انسائیکلوپیڈیا آف اِسلام پر بھی مشاہدین کی خصوصی توجہ ہے۔ دارالسلام پبلی کیشن کے علاوہ قومی و بین الاقوامی ناشرین کی کتب شامل ہیں۔ حیدرآباد کے مصنفین میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی تحریر کردہ مکتوبات کے علاوہ پروفیسر محسن عثمانی ندوی کی کتابیں عوام میں کافی مقبول نظر آرہی ہیں۔