نئی نسل کو تاریخ ساز شخصیات کے کارناموں سے واقف کروانا ضروری

بزم اساتذہ کے جلسہ سے مولانا رحیم قریشی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 16 نومبر (پریس نوٹ) نئی نسل کو تاریخ ساز شخصیت کی سوانح حیات اور کارناموں سے کماحقہ واقف کروانے کی ذمہ داری اساتذہ اور اولیائے طلبہ پر عائد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد عبدالرحیم قریشی ایڈوکیٹ صدر تعمیر ملت و اسسٹنٹ سکریٹری مسلم پرسنل لا بورڈ نے بزم اساتذہ برائے فروغ اُردو زبان و ثقافت کے زیراہتمام گولکنڈہ ہائی اسکول میں منعقدہ جلسہ بعنوان ’’شاعر مشرق علامہ اقبال اور امام الہند مولانا آزاد شخصیت اور کارنامے‘‘ میں کیا۔ انھوں نے کہاکہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں مشرقی ممالک کے تہذیبی و ثقافتی ورثہ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ایشیائی عوام کو بیدار کرنے کی کوشش کی ہے۔ پروفیسر شاہ محمد مظہرالدین فاروقی نے کہاکہ مولانا ابوالکلام آزاد کی ملک کے نئے سیاسی، تعلیمی، علمی اور صحافتی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ضیاء الدین نیر نے کہاکہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں طلبہ اور نوجوانوں کو انقلاب پیدا کرنے کی تلقین کی ہے۔ سید رؤف ریحان نے بزم اساتذہ کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس جلسہ کو جھانسی رانی ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر شفیع الدین غوری، ریاض علی خان اور عمر شفیق نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر بزم اساتذہ کے عہدیداران سید واجد محی الدین، محمد وقارالدین، محمد عبدالرفیق، روبینہ خانم، صبیحہ بیگم، خواجہ عظیم الدین، غلام دستگیر موجود تھے۔ نظامت کے فرائض فرزانہ تحسین نے انجام دیئے اور شکریہ مجید نور نے ادا کیا۔ اس جلسہ میں تعلیمی مقابلہ جات میں کامیاب طلبہ میں انعامات و اسناد تقسیم کئے گئے۔