نئی دہلی 3 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے فلسطین میں نئی حکومت کے قیام کا خیر مقدم کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی حکومت اسرائیل کے ساتھ موثر انداز میں اور تعمیری جذبہ کے ساتھ بات چیت کے احیاء میں کامیاب رہے گی تاکہ کئی دہوں سے حل طلب فلسطین ۔ اسرائیل مسئلہ کا کوئی قابل قبول حل دریافت کیا جاسکے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان فتح اور حماس کے مابین وزیر اعظم رمی حمداللہ کی قیادت میں کل قائم کی گئی متحدہ حکومت کے قیام کی تائید کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ ہی مغربی کنارہ اور غزہ کے مابین مصالحت کا حامی رہا ہے اور اس کے خیال میں یہ مصالحت ہی دیرپا فلسطینی مملکت کیلئے ضروری ہے ۔ فتح اور حماس گروپس کے مابین مصالحت اور معاہدہ کی رو سے کل فلسطین میں ایک متحدہ حکومت کا قیام عمل میں آیا ہے ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان محسوس کرتا ہے کہ نئی حکومت فلسطین کی ذمہ داریوں کو سمجھے گی اور اسرائیل کے ساتھ امن کے عمل کو آگے بڑھایا جائیگا ۔ ہندوستان کو امید ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے مابین بات چیت کا عمل بہت جلد شروع ہوسکتا ہے اور اس کیلئے تعمیری جذبہ کی ضرورت ہے تاکہ ایک باہمی طور پر قابل قبول سیاسی حل دریافت کیا جاسکے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ حکومت کا قیام فتح اور حماس کے مابین اختلافات اور مخاصمت کے ختم کرنے کی سمت اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے ہمیشہ ہی فلسطین اور اسرائیل کے مابین بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کی یکسوئی کی حمایت کی ہے ۔ ہندوستان نے کہا کہ وہ ایک مستحکم فلسطینی مملکت کے قیام کی بھی تائید کرتا ہے ۔