نئی دہلی میں یوم آزادی پر حفاظتی انتظامات میں شدت

نئی دہلی 14 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) زمین سے فضاء تک صیانتی انتظامات قومی دارالحکومت نئی دہلی میں کردیئے گئے ہیں خاص طور پر لال قلعہ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں جہاں وزیراعظم نریندر مودی قومی پرچم لہرائیں گے اور اپنی اوّلین یوم آزادی تقریر کریں گے۔ حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ وزیراعظم کو کئی دہشت گرد تنظیموں سے لاحق خطرہ کے پیش نظر صیانتی انتظامات اِس بار مزید زیادہ کردیئے گئے ہیں۔ تقریباً 10 ہزار صیانتی عملہ جو دہلی پولیس اور نیم فوجی فورسیس پر مشتمل ہے، کسی بھی امکانی خطرہ کو ٹالنے کے لئے سخت نگرانی رکھے گا۔ مقامی پولیس کے 5 ہزار ارکان عملہ کے علاوہ خصوصی شعبہ اور دہلی پولیس کے صیانتی شعبہ کے ارکان کی خدمات بھی صیانتی انتظامات کے لئے حاصل کی گئی ہیں۔ جبکہ ٹریفک پولیس کاروں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو یقینی بنائے گی۔ این ایس جی کے نشانہ باز اور نگرانکار بلند عمارتوں پر 17 ویں صدی کے مغل قلعہ کے اطراف تعینات کئے گئے ہیں۔ خصوصی شعبہ جیسے عاجلانہ اقدام ٹیمیں، انسداد بم اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، ایس ڈبلیو اے ٹی اور وجرا دہلی پولیس کے کمانڈو یونٹس کے ساتھ اہم مقامات پر تعینات کئے جائیں گے۔ ہیلی کاپٹرس فضاء میں طلایہ گردی کریں گے جبکہ فضائی دفاعی نظام یوم آزادی تقریب کے مقام پر قائم کیا جائے گا۔ صیانتی انتظامات میں شدت پیدا کردی جائے گی۔

جس راستہ سے وزیراعظم کا قافلہ گزرے گا اور راج گھاٹ کے اطراف و اکناف میں جہاں وہ علی الصبح وہ مہاتما گاندھی کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے، سخت حفاظتی انتظامات ہوں گے۔ پولیس نے 200 سی سی ٹی وی کیمرے لال قلعہ کے قریب نصب کئے ہیں۔ 500 کیمرے راستے پر نصب کئے گئے ہیں۔ مرکزی کنٹرول روم لال قلعہ میں قائم کیا گیا ہے جہاں سینئر عہدیدار صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں گے۔ جن گاڑیوں پر پارکنگ اسٹکرس موجود ہوں گے صرف اُنھیں ہی لال قلعہ کے قریب سے گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔ سی آئی ایس ایف اور دہلی پولیس کا مزید عملہ اہم عوامی مقامات جیسے دہلی میٹرو اور آئی جی آئی ایرپورٹ پر تعینات کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پرہجوم بازاروں، ریلوے اسٹیشنوں، بین ریاستی بس ٹرمنلس اور دیگر عمارتوں پر دفاعی اہمیت کی ہیں، صیانتی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں، شہر میں اور سرحدات پر تلاشی مہم جاری ہے۔ تمام گاڑیوں کی چاہے خانگی ہو یا تجارتی پڑوسی ریاستوں میں دہلی میں داخلہ کے وقت خاص طور پر تلاشی لی جارہی ہے۔ 10 ہزار عوام کے لئے بیٹھنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اِس بار صیانتی محکموں کا کام مزید بڑھ گیا ہے۔ صیانتی محکمے لال قلعہ پر خصوصی نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم اور دیگر قائدین جس مقام پر موجود رہیں گے اُن کی خصوصی حفاظت کی جائے گی۔ مہمانوں کو موبائیل فون، کیمرے، دوربینیں، ہینڈ بیاگ ، بریف کیس، سگریٹ لائٹرس، ٹرانسسٹرس، پانی کی بوتلیں، توشے دان وغیرہ تقریب کے مقام پر لانے کی اجازت نہیں ہوگی، ان کیلئے سخت تلاشی لی جائے گی۔