ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، ارکان پارلیمنٹ اور قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) نئی دہلی میں تلنگانہ کا چوتھا یوم تاسیس منایا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں قومی پرچم لہرایا اور شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا گیا۔ نئی دہلی میں تلنگانہ کے خصوصی نمائندہ وینو گوپال چاری، ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی اور ونود کمار ، ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی، صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پرچم کشائی کے بعد ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں اور کے سی آر کی جدوجہد کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے مقابلہ تلنگانہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ کوئی شعبہ ایسا نہیں جو ترقی سے محروم ہو۔ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ریاست بن چکی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں ، معذورین اور بے سہارا خواتین کیلئے وظائف کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرز کی اسکیمات موجود نہیں ہیں یہی وجہ ہے کہ دیگر ریاستیں تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کرنے پر مجبور ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے سنہرے تلنگانہ کا جو خواب دیکھا تھا وہ کے سی آر کی قیادت میں ضرور پورا ہوگا۔ رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے 17 چیف منسٹرس نے جو نہیں کیا دو سال میں کے سی آر نے وہ کام کردکھائے۔ ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں تلنگانہ نے فلاحی کاموں میں ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کے سی آر کی قیادت میں سنہرے تلنگانہ کا خواب پورا ہوگا۔ وینو گوپال چاری نے کہا کہ کسانوں کیلئے چیف منسٹر نے تاریخی قدم اٹھائے ہیں۔ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہی اور کسانوں کیلئے 5 لاکھ روپئے کی بیمہ اسکیم سے کسانوں کو راحت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے زرعی شعبہ کو فراموش کردیا تھا لیکن کے سی آر کی قیادت میں زرعی شعبہ کی خوشحالی لوٹ آئی ہے۔ وینو گوپال چاری نے کہا کہ تلنگانہ کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے خوش ہے۔