مے ڈے ریالی میں تشدد ، چار گرفتار

سیاٹل (یو ایس) ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سیاتل پولیس نے آج سرمایہ داری مخالف سیاہ لباس میں ملبوس احتجاجیوں کو منتشر کرنے کالی مرچ کے اسپرے کا استعمال کیا کیونکہ مے ڈے ریالی اچانک پرتشدد ہوگئی تھی۔ احتجاجی ری پبلکن صدارتی امیدوار کی دوڑ میں چل رہے ڈونالڈ ٹرمپ کے پتلے کیساتھ احتجاج کرتے ہوئے پولیس افسران پر سنگباری کرنے لگے جس میں دو افسران کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ چار احتجاجیوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔ سینکڑوں احتجاجی نعرے بازی کرتے ہوئے لاس اینجلس کی سڑکوں پر آ گئے۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں ڈونالڈ ٹرمپ کی تصویر کے بڑے بڑے کٹ آوٹس تھام رکھے تھے۔