حیدرآباد ۔ /22 جولائی (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سی سی ایس پولیس نے می سیوا سنٹر کے نام پر لاکھوں روپئے ہڑپنے والے دو دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر پربھاکر راؤ نے بتایا کہ 40 سالہ محمد قاسم خان اپنے ساتھی 34 سالہ ہیمانچو شیکھر سنگھ متوطن گورکھپور اترپردیش نے شہر میں عوام کو لوٹنے کی غرض سے می سیوا کی ایک جعلی ویب سائیٹ تیار کی اور ایک بینک میں سائی انٹر پرائزس کے نام سے بینک کھاتہ کھولا اور می سیوا اکاؤنٹ کی رقم کی وصولی کیلئے قاسم نے 13.5 اور ہریندر نے 2.5 لاکھ روپئے وصول کئے اور اس می سیوا کی رقم کو ہڑپ کر وہ اچانک لاپتہ ہوگیا ۔ پولیس کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ درج کئے جانے پر قاسم نے مسروقہ رقم کو واپس بینک کھاتہ میں جمع کردیا لیکن پولیس نے کامیاب طور پر ان کا پتہ لگاتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا ۔