میں چیف منسٹر بن سکتا ہوں: جاناریڈی

حیدرآباد 11 نومبر (این ایس ایس) کانگریس کے کئی قائدین اگرچہ جاناریڈی کی جانب سے تلنگانہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا سرگرم رول ادا نہ کئے جانے کی شکایت کے ساتھ ناراض ہیں لیکن جاناریڈی کے ارادے کچھ اور معلوم ہوتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 2019 ء کے عام انتخابات میں کانگریس اگر برسر اقتدار آتی ہے تو وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے سے پس و پیش نہیں کریں گے۔ اسمبلی لابی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جانا ریڈی جذباتی ہوگئے اور اے آئی سی سی کی صدر سونیا گاندھی سے اپنا تقابل کرنے لگے۔ انھوں نے کہاکہ ’’میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کا عہدہ یا کوئی اور بھی عہدہ کسی اور کو دینے کیلئے تیار ہوں‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ آیا 2019 ء کے عام انتخابات میں میں مقابلہ کروں گا بھی یا نہیں؟ تاہم اُنھوں نے کہاکہ وہ تلنگانہ میں ایسا ہی رول ادا کرنا چاہتے ہیں جس طرح سونیا گاندھی قومی سطح پر ادا کررہی ہیں۔ جانا ریڈی نے مزید کہاکہ ’’مستقبل میں گوکہ میں ایم ایل اے یا وزیر نہ بن سکوں لیکن مجھے یقین ہے کہ میں کلیدی رول ادا کروں گا۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر بھی فائز ہوسکتا ہوں‘‘۔