میں نے چندرا بابو جیسے جھوٹے وعدے نہیں کئے : جگن

حیدرآباد 18 ستمبر ( این ایس ایس ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر سخت تنقید کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج کہا کہ انہوں نے کبھی بھی ایسے وعدے نہیں کئے جن پر عمل آوری ممکن نہ ہو ۔ چندرا بابو نائیڈو عوام سے ناقابل عمل وعدے کرتے ہیں۔ جگن موہن ریڈی ضلع اننت پور کے دو روزہ دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے کئی پارٹی قائدین سے ملاقاتیں کی ہیں۔ یہاں انہوں نے پارٹی کی حالیہ انتخابات میں کارکردگی کا جائزہ لیا ہے ۔ انہوں نے ان قائدین کے ساتھ پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے اور کہا کہ ان کی پارٹی ریاست میں تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرنا چاہتی ہے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی اور شکست کے مابین صرف پانچ لاکھ ووٹس کا فرق رہا ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس کو 1.30 لاکھ ووٹس حاصل ہوئے جبکہ تلگودیشم کو 1.35 لاکھ ووٹ ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے چندرا بابو نائیڈو نے عوام سے ناقابل عمل وعدے کئے ہیں اور اب وہ ان وعدوں سے انحراف کر رہے ہیں۔ کیا ایسا کرنا درست ہے ؟ ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ کئی میڈیا چینلوں کی جانب سے چندرا بابو نائیڈو کی تائید میں زبردست مہم چلائی گئی تھی ۔ کئی چینلس نے نائیڈو کے جھوٹے وعدوں کو زبردست تشہیر فراہم کی تھی ۔