شیلانگ ۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر مکل سنگما کے معلنہ امن معاہدہ کے مطابق 400 سے زائد مسلح گارو عسکریت پسندوں کو ان کے جرائم کی معافی دیدی گئی ہے ۔ اس خصوص میں ریاستی حکومت ، اچیک نیشنل والینٹر کونسل اور اس کے علحدہ گروپ ANVC-B کے درمیان ایک امن معاہدہ طئے پایا ہے جس پر مرکزی حکومت نے دستخط کئے ہیں ۔ معاہدہ کے مطابق عسکریت پسند تنظیم کے خلاف درج فوجداری مقدمات سے دستبرداری اختیار کرلی ہے اور ان کے جرائم کو معاف کردیا گیا ہے جب کہ سنگین نوعیت کیسوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا ۔ واضخ رہے کہ 24 ستمبر کو مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی موجودگی میں چیف منسٹر میگھالیہ مکل سنگما اور عسکریت پسند تنظیموں نے سہ رخی امن معاہدہ پر دستخط کئے تھے ۔ جب کہ یہ تنظیمیں ، گاروہلز اٹانومس ڈسٹرکٹ کونسل کے ارکان میں اضافہ ، ٹرائبل کونسل کو مزید اختیار دینے کے مطالبہ پر تشدد احتجاج کررہی ہیں ۔ تاہم دونوں عسکریت پسند گروپوں کے ارکان کے خلاف قتل ، تاوان کی وصولی ، اغواء کے کیس درج کئے گئے تھے۔۔