اشیلانگ ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایک سینئیر پولیس آفیسر اور ان کے ارکان خاندان اس وقت بال بال بچ گئے جب مسلح عسکریت پسندوں نے میگھالیہ کے گارو ہلز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر حملہ کردیا ۔ ضلع ایس پی ڈیوس این آر مارک نے بتایا کہ مشتبہ گارو نیشنل لبریشن آرمی کے عسکریت پسندوں نے کل رات ایڈیشنل ایس پی مسٹر آر ٹی جی مومن کی سرکاری قیام گاہ پہنچے اور خود کار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کر کے مکان کے بیرونی حصوں کو نقصان پہنچایا ۔ جس وقت عسکریت پسندوں نے حملہ کیا تھا ۔ آفیسر کل رات ٹاون کے دوسرے علاقہ میں ڈیوٹی پر تھے اور ان کے افراد خاندان مکان کے عقبی دروازہ سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔ عسکریت پسندوں نے مکان کو دھماکہ سے اڑا دینے کے لیے ایک طاقتور ڈیٹونیٹر نصب کردیا تھا ۔ تاہم پولیس کے عملے نے فی الفور وہاں پہنچ کر ایک پلاسٹک بیاگ میں چھپائے گئے دھماکو آلہ کو ناکارہ بنادیا ۔ اور جائے وقوع سے 10 خالی گولیاں اور 3 کارآمد گولیاں برآمد ہوئیں ۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ 3 عسکریت پسند ٹاؤن میں خوف و دہشت کی لہر پیدا کرنے کے لیے یہ کارروائی کی ہے ۔
تھانہ کے انجینئر کو پریہ درشنی ایوارڈ
تھانہ ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تھانہ کے ایک سماجی کارکن اور سافٹ ویر انجینئر سندیش کیشکر کو پریہ درشنی اندرا گاندھی ایوارڈ کا پیشکش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کسانوں کے لیے معاون سافٹ ویر تیار کیا ہے ۔ نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں 49 سالہ کیشکر کو تہنیت پیش کر کے ان کی تکنیکی مہارتوں اور صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ۔