میگھالیہ میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 59 ہوگئی

کھاسی ہلز ڈسٹرکٹ (میگھالیہ) ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) میگھالیہ میں سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات میں مزید ایک نعش ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 59 ہوگئی۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ واضح رہیکہ شدید سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات سے زائد از 2 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جہاں کم و بیش 1172 مواضعات زیرآب آجانے سے 30,000 افراد بے گھر ہوگئے ہیں، جنہیں فی الحال مختلف ریلیف کیمپس میں رکھا گیا ہے جن کی تعداد 108بتائی گئی ہے۔ دوسری طرف گاروہلز کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال میں بہتری پیدا ہوئی ہے جہاں ضلع انتظامیہ نقصانات کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہے۔ دریں اثناء چیف سکریٹری پی بی او وارجری نے میڈیا کو بتایا کہ سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد 59 ہوگئی ہے جہاں کئی افراد ہنوز لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرین کو غذا اور دیگر سازوسامان حکومت کی جانب سے فراہم کئے جارہے ہیں۔ یاد رہے کہ 24 ستمبر کو میگھالیہ میں آئے سیلاب نے تقریباً ایک ہفتہ تک تباہی مچائی جو گاروہلز میں بادل پھٹنے کی وجہ سے آیا تھا۔ وزیراعلیٰ مکل سنگما نے قبل ازیں کہا تھا کہ گاروہلز کے عوام نے اتنا بدترین سیلاب پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا جس کی وجہ سے نہ صرف انسانی جانوں کا اتلاف ہوا بلکہ نقصانات کا تخمینہ بھی بہت زیادہ ہے۔ سیلاب کی تباہ کاریوں نے ریاست کو 10 سال پیچھے ڈھکیل دیا ہے جس کی پابجائی کیلئے ہمیں سخت جدوجہد کرنی پڑے گی۔ مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے گاروہلز کا فضائی معائنہ کیا تھا، نے آج حکومت میگھالیہ کو تمام تر سہولیات اور راحت فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے۔