شیلانگ / کوہیما ۔ /27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً 75 فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی کا میگھالیہ ، ناگالینڈ کے اسمبلی انتخابات میں استعمال کیا ۔ تشدد کے منتشر واقعات میں برسراقتدار ناگا پیپلز فرنٹ اور بی جے پی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ مکمل اعداد و شمار ہنوز وصول نہیں ہوئے ہیں ۔ دونوں ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس نے اس کی اطلاع دی ۔ ناگالینڈ کے سی ای او ابھیجیت سنہا نے کہا کہ اکولوٹو حلقہ میں تشدد سے ایک شخص ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے متصادم کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی اور رائے دہی کا دوبارہ آغاز صورتحال پر قابو پانے کے بعد ہوگیا ۔ میگھالیہ کے سی او ایف آر کھرکونگور نے کہا کہ 60 حلقوں میں 59 فیصد رائے دہی ہوئی اور بحیثیت مجموعی رائے دہی پرامن تھی ۔ انتخابی دفتر کو گارو اور مشرقی جینٹلا ہلز اضلاع سے اعداد و شمار ہنوز دستیاب نہیں ہوئے ۔ برسراقتدار کانگریس کو بی جے پی سے چیالنج کا سامنا ہے جس کے آسام ، منی پور اور اروناچل پردیش میں کامیابی سے حوصلے بلند ہوگئے ہیں ۔ 2013 ء میں بی جے پی کو میگھالیہ میں ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوئی تھی لیکن اس نے اس بار 47 نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے جن میں سے موجودہ ایوان کے 4 ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں جو گزشتہ ماہ بی جے پی میں شامل ہوئے تھے ۔ یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سبکدوش ہونے والی اسمبلی میں 8 ارکان ہیں ۔ پہاڑی ریاست پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے 4 ارکان اسمبلی نے ماقبل انتخابات اتحاد کرلیا تھا اور اس طرح دونوں پارٹیوں کی 45 نشستیں ہوگئی تھیں ۔