ہائی کورٹ میں یوم جمہوریہ تقریب ، جسٹس آر سبھاش ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ہائی کورٹ جج جسٹس آر سبھاش ریڈی نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں مہیا کرتے ہوئے عرصہ دراز سے زیر تصفیہ مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کی غرض سے گذشتہ سال 6 دسمبر 2014 کو میگا لوک عدالت قائم کرتے ہوئے دونوں ریاستوں ریاست تلنگانہ اور ریاست آندھرا پردیش سے وابستہ ( 2,04,602 ) لاکھ زیر تصفیہ مقدمات جن کے منجملہ تلنگانہ کے ( 1,37,475 ) اور آندھرا پردیش کے ( 67,128 ) مقدمات شامل ہیں یکسوئی کردی گئی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں عوام کو کافی راحت نصیب ہوئی ہے ۔ جسٹس آر سبھاش ریڈی آج 66 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ہائی کورٹ پر قومی پرچم لہرانے کے بعد احاطہ ہائی کورٹ میں منعقدہ رنگا رنگ یوم جمہوریہ تقریب کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے دفتر سے کام کاج کو کمپیوٹرائزڈ کرتے ہوئے جدید انفارمیشن ٹکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے جو انتہائی سہولت بخش ثابت ہورہا ہے ۔ انہوں نے ہر سال یوم جمہوریہ منائے جانے کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے یوم جمہوریہ کو ایک متبرک اور اہمیت کا حامل دن قرار دیا ۔ انہوں نے دونوں ریاستوں تلنگانہ و اے پی کے عوام بالخصوص تلنگانہ و اے پی کے ججس ، رجسٹرارس ، سینئیر ججس ، وکلاء ، لا آفیسرس کے علاوہ دیگر عدالت کے ارکان عملہ کو 66 ویں یوم جمہوریہ کی پر خلوص مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل آف تلنگانہ مسٹر کے راما کرشنا ریڈی ، ایڈوکیٹ جنرل آف اے پی مسٹر پی وینوگوپال ریڈی چیرمین آندھرا پردیش بار کونسل مسٹر اے نرسمہا ریڈی ، سینئیر ایڈوکیٹ مسٹر جی ودیا ساگر اور پبلک پراسیکیوٹر ہائی کورٹ مسٹر پی وینکٹیشور ریڈی نے بھی مخاطب کرتے ہوئے عوام اور ہائی کورٹ عملہ کو 66 ویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی ۔ اس تقریب میں سابق سپریم کورٹ جج جسٹس کے راما سوامی کے علاوہ دیگر ہائی کورٹ وکلاء اور ارکان عملہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔۔