میکسیکو سٹی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بچوں کے ایک ہسپتال میں گیاس دھماکے سے کم از کم 4 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے، جن میں 22 بچے بھی شامل ہیں۔ راحت رسانی کارکن ملبہ میں نعشیں اور زندہ بچ جانے والے پھنسے ہوئے افراد کی تلاش میں سخت جدوجہد میں مصروف ہیں۔ شہر کے میئر میخیل اینجل مانسیرا نے ریڈیو پر کہا کہ اس علاقہ کا تخلیہ کروا دیا گیا ہے، کیونکہ اس علاقہ میں کئی افراد کے چھوٹے بچے ہیں۔ یہ اقدام احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔ ٹی وی پر لوگوں کے خون آلود چہرے دکھائے گئے، جنہیں ایمبولینس گاڑیاں منتقل کررہی تھیں۔ ہسپتال کا تقریباً 40 فیصد حصہ تباہ ہوگیا۔ مہلوکین میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ مانسیرا کے بموجب 32 بڑے اور 22 بچے زخمی ہیں، تاہم کسی کی بھی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ بیشتر شیشوں کی کھڑکیوں سے زخمی ہوئے ہیں۔