میڈیکل پوسٹ گریجویٹ انٹرنس ٹسٹ میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات

حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے آندھراپردیش میڈیکل پوسٹ گرائجویٹ انٹرنس ٹسٹ میں پیش آئے بعض بے قاعدگیوں کے واقعات کی مکمل تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلہ میں جونیر ڈاکٹرس کے وفد نے آج گورنر سے ملاقات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اس دوران صدر لوک ستہ پارٹی ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن نے آج ریاستی گورنر مسٹر نرسمہن سے ملاقات کی اور میڈیکل کورسیس میں داخلوں کے لئے منعقدہ میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ میں کئی ایک بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کی تفصیلات سے گورنر کو واقف کروایا۔ ریاستی گورنر نے فوری طور پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کروانے کا حکم دیا اور ان بے قاعدگیوں کے واقعات کی صدرنشین ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم مسٹر وینو گوپال ریڈی کے ذریعہ مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی۔