سرکاری، اقلیتی و غیر اقلیتی کالجس کی فیس پر نظرثانی ، وزیر صحت کا بیان
حیدرآباد۔/17مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر صحت لکشما ریڈی نے تلنگانہ اسمبلی کو بتایا کہ ریاست میں میڈیکل نشستوں کی فیس میں کمی کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ ایس راجندر ریڈی اور دوسروں کے سوال پر وزیر صحت نے بتایا کہ ایم بی بی ایس کورس کیلئے سرکاری، اقلیتی اور غیر اقلیتی کالجس کی فیس پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ غیر اقلیتی خانگی میڈیکل کالجس میں کنوینر کوٹہ کی 50فیصد ( اے ) زمرہ کی نشستوں کیلئے 60ہزار روپئے فیس مقرر کی گئی ہے۔ زمرہ ( بی ) مینجمنٹ کوٹہ کی فیس کو 2لاکھ 40ہزار روپئے برقرار رکھا گیا ہے۔ کیٹیگری C1 مینجمنٹ کوٹہ کی 25فیصد نشستوں کی موجودہ فیس 5لاکھ 50ہزار سے بڑھا کر 9لاکھ کی گئی ہے جبکہ این آر آئی کوٹہ کی 15فیصد نشستوں کی فیس کو 5لاکھ 50ہزار سے بڑھا کر 11لاکھ روپئے کیا گیا۔ اقلیتی خانگی میڈیکل کالجس کے زمرہ ( اے ) کی 60فیصد کنوینر کوٹہ کی نشستوں کی فیس 60ہزار برقرار رکھی گئی ہے۔ زمرہ B1مینجمنٹ کوٹہ کی 25فیصد نشستوں کی سالانہ فیس 6 لاکھ سے بڑھاکر 9لاکھ کی گئی جبکہ این آر آئی کوٹہ کی 15فیصد نشستوں کی فیس 6لاکھ سے بڑھا کر 12لاکھ کی گئی ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں سالانہ فیس 10ہزار روپئے ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں غیر اقلیتی کالجس میں زمرہ ( اے ) کنوینر کوٹہ کی فیس 60ہزار۔ زمرہ ( بی ) مینجمنٹ کوٹہ کی فیس 2لاکھ 40ہزار۔ زمرہ C1 مینجمنٹ کوٹہ کی فیس 5لاکھ 50ہزار اور این آر آئی کوٹہ کی فیس 5لاکھ 50ہزار روپئے جبکہ خانگی اقلیتی کالجس میں زمرہ ( اے ) کی فیس 45ہزار اور زمرہ (بی ) کی فیس 6لاکھ روپئے مقرر ہے۔