میڈیا اکیڈیمی کے ’ لوگو ‘ میں اُردو کی عدم شمولیت

عہدیداروں اور کمیٹی کو تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی نوٹس
حیدرآباد۔/25اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے پرنسپل سکریٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ،کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ اور ڈائرکٹر تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے میڈیا اکیڈیمی کے ’ لوگو‘ میں اُردو کی شمولیت کے اقدامات کی ہدایت دی۔ صدر نشین کمیشن محمد قمر الدین نے آج یہ نوٹس جاری کرتے ہوئے لوگو میں اردو کی شمولیت اور یکم ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن کو تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کی جانب سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی گئی تھی۔ درخواست میں کہا گیا کہ ریاستی حکومت نے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے۔ حال ہی میں تلنگانہ پریس اکیڈیمی کا نام تلنگانہ اسٹیٹ میڈیا کمیٹی کی حیثیت سے تبدیل کیا گیا تاہم اکیڈیمی کے لوگو میں اردو شامل نہیں ہے۔ اس طرح اردو کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ حکومت اردو کو دوسری سرکاری زبان کی حیثیت سے ہر سطح پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے ’ لوگو ‘ میں اردو کی شمولیت کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ صدرنشین کمیشن نے تمام محکمہ جات کے سربراہوں اور ضلع کلکٹرس کو سرکاری اُمور میں اردو کے استعمال اور سائن بورڈز پر تلگو اور انگریزی کے ساتھ اردو شامل کرنے کی ہدایت دینے کی خواہش کی ہے۔