میڈونا نے ٹرمپ مخالف تقریر کا دفاع کیا

نیویارک۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) خواتین کی جانب سے نکالی گئی ٹرمپ مخالف ریالی میں پاپ سنگر میڈونا نے بھی شرکت کی تھی جہاں انہوں نے بعدازاں ایک تقریر کے دوران کئی بار نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا تاہم یہ کہہ کر انہوں نے دیگر مشہور و معروف ہستیوں کی تقلید کی کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ ہفتہ کو واشنگٹن ڈی سی میں خواتین کی زبردست ریالی نکالی گئی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ کبھی کبھی الیکشن کے انعقاد کے بعد وہ آگ بگولہ ہوجاتی ہیں اور ان کا دل چاہتا ہے کہ وائٹ ہائوس کو دھماکے سے اڑادیا جائے۔ انسٹاگرام پر کل ایک بیان میں انہوں نے تحریر کیا ہے کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے انتخاب کو قبول کرنے کے دو طریقے ہیں اور وہ ہیں امید اور برہمی۔ بہرحال وہ یہ چاہتی ہیں کہ امریکہ میں جو بھی تبدیلیاں آئیں وہ محبت کے ساتھ آئیں۔ انہوں نے تحریر کیا ہے کہ وہ تشدد کی سخت مخالف ہیں تاہم میڈیا میں ان کے اصل پیغام کو چھوڑ کر ان کے ذریعہ ادا کئے گئے چند نازیبا الفاظ پر ہی زائد توجہ دی جارہی ہے جبکہ یہ بات ہر کوئی جانتا ہے کہ جب کوئی شخص غصہ میں ہوتو وہ اناپ شناپ بھی بکنے لگتا ہے لیکن اس کے چند الفاظ کے علاوہ اس کا پیغام کیا ہے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کیبل نیوز نیٹ ورک نے میڈونا کی تقریر کو نشر کیا تھا لیکن جب انہوں نے نازیبا الفاظ کا استعمال کرنا شروع کیا تو نشریات درمیان میں ہی روک دی گئی۔خواتین کی اس ریالی میں تلگو فلموں کی اداکارہ لکشمی منچو نے بھی شرکت کی تھی۔