میڈم ہلاری، آرام کیجئے اور بھرپور نیند لیجئے : ٹرمپ

واشنگٹن۔ 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلیکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اپنی حریف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہلاری کلنٹن پر طنز کرنے کا کوئی موقع نہیں گنواتے، اب جبکہ آئندہ ہفتہ پہلا صدارتی مباحثہ منعقد شدنی ہے، لہذا انہوں نے ہلاری کلنٹن کو بھرپور نیند لینے کا مشورہ دیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ پہلے صدارتی مباحثہ کو دیکھنے والوں کی تعداد ایک نیا ریکارڈ بناسکتی ہے۔ انتخابی رائے دہی کیلئے اب دو ماہ سے بھی کم کا عرصہ باقی بچا ہے اور ایسے میں ہلاری کا اپنی انتخابی مہم میں شریک نہ ہوکر آرام کرنے کو ترجیح دینا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ان کی صحت واقعتاً ٹھیک نہیں ہے۔ ہلاری نے کل کسی عوامی ریالی میں حصہ نہیں لیا تھا۔ ڈونالڈ ٹرمپ کو جب یہ معلوم ہوا تو انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہلاری نے آج پھر چھٹی لے لی۔ انہیں آرام کی ضرورت ہے۔ بھرپور نیند لیجئے۔ صدارتی مباحثہ میں ملاقات ہوگی۔ واضح رہے کہ ہلاری کے اسٹیمنا کو ہمیشہ ہدف تنقید بناتے رہے ہیں، حالانکہ 9/11 کی 15 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے ہلاری کے خرابی مزاج کی وجہ سے واپس چلے جانے پر ٹرمپ نے ان کی عاجلانہ صحتیابی کی نیک خواہش کا اظہار کیا تھا۔ تین صدارتی مباحثے ہوں گے جن میں سے پہلا مباحثہ 26 ستمبر کو نیویارک میں ہوگا۔ امریکی صدر کے انتخاب کا معاملہ ان تین صدارتی مباحثوں میں شریک امیدواروں کی کارکردگی پر منحصر ہوتا ہے۔