میٹ پلی میں مدھو یشکی پر ناراض کانگریس کارکنوں کا حملہ

حیدرآباد۔ 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق ایم پی مدھو گوڑ یشکی پر ناراض کانگریس کارکنوں نے جگتیال میٹ پلی میں حملہ کیا اور ان کی کار کو شدید نقصان پہنچایا۔ حملے کے وقت مینیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خاں بھی مدھو گوڑ کی گاڑی میں موجود تھے۔ کل رائے دہی کے موقع پر مدھو گوڑ یشکی حلقہ کورٹلہ میٹ پلی پہنچ کر ڈاکٹر سے ملنے والے تھے کہ سابق رکن اسمبلی کومی ریڈی راملو کے حامیوں نے مدھو یشکی پر حملہ کردیا تاہم وہ بچ گئے۔ کارکنوں نے گاڑی پر پتھر ڈال کر نقصان پہنچایا۔ احتجاجیوں نے انکے قائد کومی ریڈی راملو کو ٹکٹ نہ ملنے کیلئے یشکی کو ذمہ دار قرار دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ٹی آر ایس کارکنوں نے یشکی پر رقومات کی تقسیم کا الزام عائد کیا اور وہاں احتجاج کیا ۔ اسی دوران کانگریس و ٹی آر ایس کارکنوں کے درمیان ہلکی سی جھڑپ ہوگئی۔ احتجاجیوں کو منتشر کرنے پولیس نے طاقت کا استعمال کیا۔